جہلم میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت تجاوزات کیخلاف آپریشن، درجنوں پختہ اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ

جہلم: ستھرا پنجاب مہم کے تحت جہلم میں میونسپل کمیٹی کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران شہر کے مختلف مقامات سے درجنوں عارضی اور پختہ تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔

تجاوزات قائم کرنے والوں کو انتظامیہ کی جانب سے آپریشن سے قبل رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دی گئی تھیں، تاہم دکانداروں کی جانب سے عدم تعاون کے باعث انتظامیہ کو سخت کارروائی کرنا پڑی۔

ستھرا پنجاب مہم اور تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں جاری آپریشن کے دوران میونسپل کمیٹی کی ٹیموں نے اندرون شہر سمیت سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، سول لائن قبرستان چوک اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔

ابتدائی طور پر دکانداروں کو وارننگ دی گئی تھی کہ وہ اپنے غیرقانونی شیڈز، تھڑے اور دیگر پختہ رکاوٹیں از خود ختم کر دیں، لیکن دکانداروں نے اس پر عمل نہ کیا۔ جس پر انتظامیہ نے مجبورا سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ایم سی کے عملے کی مدد سے کرین اور دیگر مشینری کے ذریعے اندرون شہر اور ملحقہ علاقوں میں قائم غیرقانونی تعمیرات کو ختم کر دیا اور سامان کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔

انتظامیہ نے دکانداروں کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر قائم تمام غیرقانونی تجاوزات، ریڑھیاں، کاؤنٹرز اور شیڈز فوری طور پر ہٹا لیں، بصورت دیگر جس دکان کے آگے تجاوزات پائی گئیں اسے سیل کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں بھاری جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی، اور جو افراد تجاوزات قائم کریں گے، وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں تاکہ جہلم کو خوبصورت اور تجاوزات سے پاک شہر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button