جہلم میں سی سی ڈی اور مسلح موٹرسائیکل سواروں کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

جہلم میں سی سی ڈی اور مسلح موٹرسائیکل سواروں کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق جہلم میں مصری موڑ کے قریب سی سی ڈی ٹیم نے دوران ناکہ بندی ایک مشکوک 125 موٹرسائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا۔ موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے رکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ایک گولی کانسٹیبل کے سینے پر لگی مگر خوش قسمتی سے بلٹ پروف جیکٹ نے جان بچا لی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر پہاڑی علاقے کی طرف بھاگ نکلے۔ تعاقب کے بعد پولیس نے ایک ملزم غلام مصطفی ولد مرتضیٰ سکنہ چک بنگلہ ضلع منڈی بہاؤالدین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق برآمد شدہ موٹرسائیکل چوری شدہ نکلا، جس کا مقدمہ تھانہ کالا گجراں میں پہلے سے درج ہے۔ گرفتار ملزم غلام مصطفی کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور وہ موٹرسائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ غلام مصطفی گزشتہ سال 16 اگست 2024 کو جہلم میں سی سی ڈی ٹیم پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Exit mobile version