جہلم: ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹر پر بڑی کارروائی، میڈیکل بنوانے کے لیے آنے والا شخص سجاد علی چیکنگ کے دوران مجرم اشتہاری نکلا۔ پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر کے تھانہ سٹی منتقل کر دیا۔
سجاد علی نامی شخص پولیس خدمت مرکز پر میڈیکل سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے آیا تھا، جہاں ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ وہ چوری اور موٹر سائیکل چوری جیسے سنگین جرائم میں سال 2023 سے تھانہ سٹی پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس اہلکاروں نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے خدمت مرکز پر تعینات عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس خدمت مراکز صرف سہولت کی فراہمی کا ذریعہ نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کی گرفت کا بھی ایک مؤثر ذریعہ بن چکے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو متعلقہ تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
