جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی کی نئی لہر نے غریب، دیہاڑی دار، سفید پوش اور محنت کش طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ محدود آمدنی رکھنے والے گھرانے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کو جواز بنا کر مبینہ طور پر منافع خور اور مہنگائی مافیا اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کے نرخوں میں من مانا اضافہ کر رہے ہیں، جس کے باعث محدود آمدنی والے خاندانوں کا ماہانہ بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آمدنی میں معمولی اضافہ ہونے کے باوجود بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خوردونوش کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے سفید پوش طبقے کے لیے زندگی گزارنا دشوار بنا دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر تقریباً ہر شعبہ زندگی پر پڑتا ہے اور بالخصوص روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث غریب طبقہ پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔
شہریوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور عام آدمی کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
