جماعت اسلامی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، عبدالباسط

جہلم: عبدالباسط نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں بونیر، مالاکنڈ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں، میں گزشتہ روز شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر ہمیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔

جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر عبدالباسط نے جہلم پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور متاثرہ خاندانوں کے حالات آسان کرے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن جلد مالاکنڈ کا دورہ کریں گے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے جاری آپریشن کا جائزہ لیں گے۔ جماعت اسلامی حکومت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل رابطے میں ہے جبکہ ہمارے کارکن اور سامان متاثرین کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

عبدالباسط نے نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کسی بھی قوم کے لیے سب سے بڑی طاقت اور تبدیلی کا پیش خیمہ ہوتے ہیں۔ لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ آج نوجوان طبقہ سخت مایوسی کا شکار ہے اور انہیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا گیا ہے کہ ان کا مستقبل ملک کے بجائے بیرونِ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ ونگ نے عہد کیا ہے کہ ہم ان حالات میں نوجوانوں کے لیے امید کی کرن بنیں گے۔ بے روزگار نوجوانوں تک پہنچ کر انہیں موبلائز کریں گے، مایوسی سے نکال کر پاکستان کے ساتھ جوڑیں گے تاکہ نوجوان بھی ترقی کریں اور پاکستان بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

پریس کانفرنس کے موقع پر جماعت اسلامی کی ضلعی قیادت، یوتھ ونگ کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Exit mobile version