
جدہ: سابقہ مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ کے جواں سالہ بھائی، چوہدری واجد محمود وڑائچ، جو گزشتہ ماہ اٹلی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی یاد میں جدہ میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
مرحوم کی تدفین ان کے آبائی علاقے گجرات میں عمل میں آئی، جس کے بعد چوہدری اظہر وڑائچ جنازے میں شرکت کے لیے پاکستان روانہ ہوئے تھے۔
چوہدری اظہر وڑائچ کی جدہ واپسی پر ان کے بھائی کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک اجتماعی تعزیتی نشست اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں قونصلر جنرل جدہ خالد مجید، قونصلیٹ کے افسران، تحریک انصاف کے سنئیر رہنما سابقہ ممبر قومی اسمبلی میجر(ر) طاہر صادق اور کمیونٹی کی ممتاز کاروباری، سیاسی، اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
تقریب میں شریک افراد نے چوہدری اظہر وڑائچ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر چوہدری اظہر وڑائچ نے تقریب میں شریک تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح قونصلر جنرل جدہ خالد مجید، قونصلیٹ کے افسران، اور کمیونٹی کے افراد نے ان کے غم میں شرکت کی اور ان کا دکھ بانٹا، وہ ہمیشہ ان کے دل میں رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں اپنوں کی دلجوئی اور ہمدردی ہی اصل سرمایہ ہوتی ہے، اور وہ تمام احباب کے اس خلوص اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔