چوہدری ساجد محمود گوندل سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے پر ترقی پا گئے

جہلم: تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقے جیتی پور کے رہائشی چوہدری ساجد محمود گوندل کو سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

وہ حال ہی میں تحصیل سوہاوہ میں بطور ایس ڈی پی او خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ چوہدری ساجد محمود گوندل کا نام ان 39 افسران میں دوسرے نمبر پر شامل تھا، جن کی ترقی کا باضابطہ نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری پنجاب نے جاری کر دیا۔

رینک لگانے کی پروقار تقریب میں حکومت پنجاب کے اعلیٰ عہدیداران اور پولیس کے سینئر افسران نے اپنے ہاتھوں سے چوہدری ساجد محمود گوندل کو پروموشن رینک لگائے، جو تحصیل پنڈ دادنخان کے لیے ایک منفرد اعزاز ہے۔

چوہدری ساجد محمود گوندل کا شمار پنجاب پولیس کے ایماندار، قابل اور فرض شناس افسران میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بطور ڈی ایس پی اور ایس ڈی پی او پنجاب کے مختلف اضلاع میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ کرائم فائٹر اور بہترین سپروائزنگ افسر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔

ان کی ترقی پر ان کے بھائی معروف سماجی شخصیت اور سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پنڈ دادنخان، چوہدری خالد محمود گوندل سمیت علاقہ کی سماجی، رفاہی اور کاروباری تنظیموں کے عمائدین نے مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Exit mobile version