دینہ میں پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر تھانہ دینہ اور تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔
ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ چوکی سٹی دینہ میں مقدمہ درج کر لیا۔
اسی طرح تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے کلاشنکوف بمعہ ایمونیشن برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف ضلع بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون شکنوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
