ڈپٹی کمشنر جہلم کا تعلیمی اداروں کا دورہ، مختلف سہولیات کا افتتاح

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور تعلیمی سہولیات کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کے معیار کا جائزہ بھی لیا۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے گورنمنٹ شمالی محلہ پرائمری اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک سماجی تنظیم کی جانب سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا اور مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کو صاف پانی کی فراہمی ایک صدقہ جاریہ ہے اور ہم سماجی تنظیموں کی ان خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مدرسہ البنات اسکول المرکز روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکول کی نئی لائبریری کا افتتاح کیا اور طلبہ و طالبات میں یونیفارم تقسیم کیے۔ انہوں نے تعلیمی بہتری کے لیے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

اسی طرح گورنمنٹ پرائمری اسکول کریم پورہ میں ڈپٹی کمشنر نے ایک معروف سماجی تنظیم کے تعاون سے نئے کلاس رومز اور واش رومز کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا اور افتتاح کے موقع پر سماجی تنظیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے طلبہ و طالبات کو ہر اسکول اور کالج میں بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں، اور ان کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے، تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button