جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی

جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ تیز طوفان کے باعث متعدد علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، دکانوں کے شیڈز گر گئے، بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرجانے سے بجلی معطل رہی۔ شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز صبح سویرے ہونے والی طوفانی بارش نے جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تباہی مچا دی، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
بارش کے بعد سڑکیں گلیاں ندی نالوں کی منظر کشی کرتی دکھائی دیں جبکہ تیز ہوا کے باعث درخت اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے بجلی کی سپلائی کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔ بارشی پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالتے رہے۔
دوسری جانب اندرون شہر مختلف علاقوں میں بجلی کی تاروں کی ناقص تنصیب کی وجہ سے بجلی کی بحالی میں کافی دیر لگ گئی۔ بجلی کی بحالی میں سب سے زیادہ تاخیر اندرون شہر کے محلوں اور مضافاتی علاقوں میں ہوئی۔ آئیسکو سرکل جہلم کی تمام سب ڈویژن میں صارفین کی طرف سے شکایت درج کروانے کے باوجود بجلی تاخیر سے بحال کی گئی ۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر قائم پختہ تجاوزات کو ختم کروایا جائے اور بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جائے تاکہ بارش کے موسم میں بلا تعطل بجلی کی سپلائی بحال رہے ۔



