القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی سرائے عالمگیر سے گرفتار

سرائے عالمگیر/ جہلم: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو سرائے عالمگیر سے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسامہ بن لادن کو تورا بورا سے فرار کروانے والے اسا مہ بن لاد ن کے سیکیورٹی سپروائزر محمد امین الحق کو کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے جہلم کے قریب سرائے عالمگیر کے علاقہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کیا ہے، دہشت گرد کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرآپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے جس کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
عثمان اکرم گوندل نے بتایا کہ امین الحق کی گرفتاری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر امین الحق اسامہ بن لادن کے سکیورٹی سپروائزر کے طور پر جانا جاتا تھا، اس طرح کا کوئی دہشتگرد آتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد 2007 میں گرفتار ہوا تھا اور اس نے 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشت گرد اگست 2021 سے افغانستان میں دکھائی دیا تھا اور حال ہی میں پاکستان داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس دہشتگرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے، اس دہشت گرد کے شناختی کارڈ پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں، یہ دہشتگرد پاکستان میں کیسے آیا اور کس آئی ڈی سے ٹریول کیا،اس بارے میں تفتیش کر رہے ہیں۔
عثمان اکرم گوندل کا کہنا تھا سرائے عالمگیر سے گرفتار دہشت گرد پر جو کیس رجسٹرڈ کیا گیا ہے وہ سزا اس کو بھگتنی پڑے گی۔
یاد رہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو 2 مئی 2011 کو امریکی کمانڈوز نے ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے ہلاک کیا تھا۔



