دینہ شہر کی خوبصورتی کے لیے مین چوک ریلوے روڈ پر شیر شاہ سوری کا گھڑ سوار مجسمہ نصب کر دیا گیا، جو شہریوں اور گزرنے والی گاڑیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کی اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ حسین ڈوگر نے دینہ مین چوک کو خوبصورت بنانے کے لیے شیر شاہ سوری کا شاندار مجسمہ نصب کروایا ہے۔ یہ مجسمہ بڑے ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جس میں شیر شاہ سوری کو گھوڑے پر سوار، ہاتھ میں تلوار لیے اپنی منزل کی جانب بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مین چوک ریلوے روڈ پر نصب یہ مجسمہ نہ صرف شہریوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن رہا ہے بلکہ گزرنے والی گاڑیاں بھی اس کو دیکھے بغیر نہیں گزرتیں۔ اس کے ارد گرد مزید تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جس سے اس مقام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔
شہریوں نے اس اقدام پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ حسین ڈوگر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مجسمہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ تاریخ کے ایک اہم باب کو بھی اجاگر کرے گا۔ دینہ کے رہائشی اس منفرد اقدام سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
