جہلم شہر اور گردونواح میں رمضان المبارک کے دوران سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں اچانک ہوشربا اضافہ ہو گیا، جس سے غریب عوام کے لیے سحری اور افطار کی تیاری مشکل ہو گئی ہے۔
مہنگائی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہِ صیام جیسے بابرکت مہینے میں بھی دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔ دکانداروں نے عوام کا استحصال شروع کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے غریب افراد کے لیے ضروری اشیاء خریدنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔ گوشت، سبزیاں، پھل اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف مل سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے جلد اقدامات نہ کیے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
