جہلم: محکمہ صحت و پاپولیشن کے سینئر پلاننگ آفیسر قاسم اور پلاننگ آفیسر عرفان نے ٹھیکیدار اور ایس ڈی او بلڈنگ جہلم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کے ٹراما سینٹر اور کیتھ لیب کا دورہ کیا۔ بعدازاں ایکسین بلڈنگ بھی موقع پر پہنچے اور ٹراما سینٹر سمیت کیتھ لیب کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران سینئر پلاننگ آفیسر قاسم نے واضح کیا کہ منصوبے کا تمام کیپٹل اخراجات ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہے اور محکمہ صحت و پاپولیشن کی جانب سے کوئی رُکاوٹ یا تاخیر نہیں ہے۔ ٹھیکیدار اور ایکسین بلڈنگ نے یقین دہانی کرائی کہ جاری ترقیاتی کام رواں ماہ کے اندر مکمل کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کی جانب سے ایڈمن آفیسر برہان اور عبید بھی موجود تھے، جنہیں سینئر پلاننگ آفیسر قاسم نے واپڈا (آئیسکو) کے ٹرانسفارمر کی جلد تنصیب کے حوالے سے بھی اہم ہدایات دیں اور کہا کہ بروقت تعاون کے لیے ایڈمن آفیسر مکمل رابطے میں رہیں گے تاکہ کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعمیراتی ایریا کو محفوظ طریقے سے کارڈن آف کیا جائے اور کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ ٹراما اور کیتھ لیب کے آلات کی خریداری کے حوالے سے بتایا گیا کہ متعلقہ ٹینڈر سی ای او ڈی ایچ اے آفس کے ذریعے مکمل کیا جا چکا ہے اور دیگر کسی قسم کی رکاوٹ موجود نہیں۔
