جہلم: ضلع جہلم کے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انسپیکشن ٹیموں نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فارمیسی میں جا کر ادویات کی فراہمی اور سٹاک کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ادویات لینے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال سے متعلق شہریوں کی تمام شکایات کو دور کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کر کے اس پر فوری عمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مزید کہا کہ "حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت سے متعلقہ شکایات پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو مناسب علاج اور ادویات موقع پر فراہم کی جائیں اور انہیں نجی ہسپتالوں یا میڈیکل سٹورز پر ریفر کرنے کی روش کو ختم کیا جائے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "پنجاب حکومت کے احکامات پر انسپیکشن ٹیموں کی تشکیل ہو چکی ہے، جس کے تحت تمام متعلقہ افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں ہسپتالوں کا دورہ کرنا شروع کر دیں گے۔ افسران کے دورے کے دوران طبی سہولتوں کی کمی یا ادویات کی عدم فراہمی پر شکایات موصول ہونے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔”
