جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول میں لانے کیلئے مسلسل کام کی ضرورت ہے حکومتی اقدامات کی وجہ سے ہر قسم کی اشیاء کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
انہوں نے یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اے سی کوارڈ اقرا ناصر اور دیگر افسران و پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ناجائز منافع خوری روک کر کنٹرول ریٹ پر شہریوں کواشیائے خورد ونوش کی دستیابی ممکن بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایہ جات میں بڑی کمی ہوگی جس سے اشیا خورد ونوش کی ترسیل پر بھی فرق پڑے گا اس لئے شہریوں تک ریلیف پہنچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ایکشن لینے ہوں گے تا کہ ناجائز منافع خور مافیا کولوٹ مار سے روکا جاسکے۔
