ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں سالانہ فن فیئر کا افتتاح کر دیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین جہلم میں منعقدہ سالانہ رنگا رنگ فن فیئر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ کالج آمد پر پرنسپل اور اساتذہ نے ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے فن فیئر میں لگائے گئے مختلف اسٹالز اور تخلیقی سرگرمیوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کی جانب سے تیار کردہ فن پاروں، دستکاریوں اور کھانے پینے کے اسٹالز میں گہری دلچسپی لی، طالبات سے تبادلہ خیال کیا اور ان کی انتھک محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور جوش و جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے کالج انتظامیہ اور طالبات کی شاندار کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایسی مثبت اور خوشگوار غیر نصابی سرگرمیاں طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور تعلیمی ماحول کو مزید مؤثر بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کالج انتظامیہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں میں ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی سے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عملی تجربات حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔

↑
Exit mobile version