دینہ میں بیوی اور دو کمسن بچوں کو قتل کرنے والے باپ کو تین مرتبہ سزائے موت سنا دی گئی

دینہ/ جہلم: دینہ کے نواحی علاقہ میں بیوی اور دو کمسن بچوں کو ذہر دے کر قتل کرنے والے باپ کو تین مرتبہ سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے آڑا خورد میں بیوی اور دو کمسن بچوں کو قتل کرنے کے سنگین مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج مرزا اورنگزیب خان نے جرم ثابت ہونے پر ملزم سہیل محمود کو تین مرتبہ سزائے موت اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ یکم ستمبر 2025ء کو پیش آیا تھا، جب ایک ہی خاندان کے تین افراد کی لاشیں گھر سے پراسرار حالت میں برآمد ہوئی تھیں۔

جہلم اپڈیٹس کے مطابق یکم ستمبر 2025ء کو جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے آڑا خورد میں 32 سالہ ہاجرہ بی بی، اس کے 7 سالہ بیٹے قاسم اور 5 سالہ بیٹی زینب کی لاشیں گھر میں ان کے بستروں سے برآمد ہوئی تھیں۔ ابتدائی طور پر واقعے کو زہریلی چیز کھانے کے باعث ہونے والی اموات قرار دیا جا رہا تھا، کیونکہ تینوں کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی۔

واقعے کی اطلاع اس وقت سامنے آئی جب گھر کے سربراہ سہیل محمود کا بھائی ناظم ولد ظفر صبح سویرے بچوں کو اسکول وین تک چھوڑنے کے لیے انہیں جگانے گھر پہنچا۔ گھر کے باہر تالا لگا دیکھ کر وہ دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور ڈرائنگ روم کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو ہاجرہ بی بی اور دونوں بچے مردہ حالت میں پڑے تھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ منگلا کینٹ پولیس کی نفری اور ڈی ایس پی صدر سرکل چوہدری شہباز ہنجرا موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ریسکیو 1122 نے تینوں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے واقعے کو خودکشی، حادثاتی موت یا قتل کے مختلف پہلوؤں سے دیکھا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ اس وقت گھر کے سربراہ سہیل محمود سے پولیس کا رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا۔ بعد ازاں پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مقتولہ ہاجرہ بی بی کا شوہر سہیل محمود ہی اپنی بیوی اور دونوں بچوں کے قتل میں ملوث ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم سہیل محمود جو کہ ٹیکسی ڈرائیور تھا نے یکم ستمبر 2025ء کو رات کے وقت مبینہ طور پر سوئی ہوئی اپنی بیوی اور دونوں کمسن بچوں کو گلا دبا کر قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کی اور بالآخر اسے ڈومیلی سے گرفتار کر لیا۔

تفتیش کے دوران ملزم نے ابتدائی بیان میں گھریلو ناچاقی کو قتل کی وجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیوی روزانہ جھگڑا کرتی اور اسے بے روزگاری کے طعنے دیتی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم کئی دنوں سے واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور واقعے سے قبل بچوں کے لیے دکان سے کھانے پینے کی چیزیں بھی خرید کر لایا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزم نے علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو اپنے بیان میں جرم کا اعتراف کیا، تاہم مقدمے کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اپنے سابقہ بیان سے منحرف ہو گیا۔ مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کے بعد پولیس نے چالان عدالت میں پیش کیا جبکہ مقتولین کی لاشوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروائے گئے۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق مقتولین کے جسموں پر موجود ناخنوں کے نشانات سے حاصل ہونے والے نمونے ملزم سہیل محمود کے ڈی این اے سے مطابقت رکھتے تھے۔ ان شواہد اور دیگر ریکارڈ کی روشنی میں عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل کی اور ملزم کو اپنی بیوی اور دو کمسن بچوں سمیت تین افراد کے قتل کا مجرم قرار دے دیا۔

مقدمے میں مدعی کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کے سابق صدر ملک رضوان ایڈووکیٹ جبکہ ملزم کی جانب سے ملک وقاص ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔ فریقین کے دلائل اور پیش کردہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج مرزا اورنگزیب خان نے ملزم سہیل محمود کو تین مرتبہ سزائے موت اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

↑
Exit mobile version