جہلم: گرم موسم کی آمد کے ساتھ ہی ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایات انہوں نے ڈینگی کنٹرول سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈینگی لاروا کی تلاش، انسداد اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو موذی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ صحت کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے ہوں گے کیونکہ بیماری کے پھیلنے کے بعد قابو پانا نہ صرف مشکل ہوتا ہے بلکہ وسائل اور وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صفائی، اسپرے مہم، اور آگاہی پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے ضلع جہلم اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر رپورٹ پیش کی، اور بتایا کہ مخصوص علاقوں میں سرویلنس اور لاروا تلفی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی تاکید کی تاکہ آئندہ دنوں میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
