جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مریضوں سے براہِ راست ملاقات کی اور طبی سہولتوں، عملے کے رویے اور ادویات کی فراہمی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس سول ہسپتال کو سختی سے ہدایت کی کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو بلا امتیاز دستیاب تمام سہولیات فوراً فراہم کی جائیں اور اگر کسی قسم کی کمی ہو تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے۔
انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مریضوں کو ایک صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول میسر آ سکے۔
میثم عباس نے ہسپتال کے انتظامی امور کی موثر نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری طبی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
