ڈپٹی کمشنر جہلم کا سول ہسپتال کا تفصیلی دورہ، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی، پارک کی خوبصورتی اور داخلی راستے کی بہتری کے حوالے سے ہدایات دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کے اسٹاک اور شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایم ایس اور دیگر ذمہ داران کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو ادویات بلا تفریق اور تسلسل کے ساتھ فراہم کی جائیں تاکہ کسی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ہسپتال کے پارک کا بھی دورہ کیا اور پارک میں مزید پودے لگانے اور شہریوں کے لیے نئے بینچ نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال کے مرکزی دروازے پر تجاوزات فوری ختم کرنے اور داخلی راستے کو کشادہ کرنے کے لیے ٹف ٹائلز لگانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لیے رکے ہوئے فنڈز جاری کر دیے ہیں، اور اب متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر اس پروجیکٹ کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ جہلم کے شہریوں کو جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹراما سنٹر کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں تاکہ صحت عامہ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

Exit mobile version