جہلم ویژن کیبل نیٹ ورک کے سی ای او اعجاز میر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مرحوم کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
اعجاز میر گزشتہ روز کرنٹ لگنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ اعجاز میر جہلم کے شمالی محلہ میں واقع اپنے گھر کی بیسمنٹ میں کیبل نیٹ ورک کا سسٹم چلا رہے تھے۔ بیسمنٹ میں پانی کھڑا ہونے کے باعث جب وہ سسٹم کے قریب گئے تو یو پی ایس کی ننگی تار چھونے سے کرنٹ لگ گیا جس سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
مرحوم کی ناگہانی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی اور فضا سوگوار ہو گئی۔ نماز جنازہ میں شہر کی معروف سماجی، سیاسی، اور صحافتی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اعجاز میر نہایت محنتی، خوش اخلاق اور دوسروں سے محبت کرنے والے انسان کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی ناگہانی موت سے شہر کی صحافتی و کیبل انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ مرحوم کے سوگواران میں بیوہ، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
