ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس، کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر کی زیرِ صدارت ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں زرعی شعبے کی بہتری، کاشتکاروں کو درپیش مسائل اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء کو زرعی پیداوار میں بہتری، معیاری زرعی مداخل کی دستیابی، کھاد اور زرعی ادویات کی فراہمی، کاشتکاروں کی رہنمائی اور جاری زرعی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا اور زرعی شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زرعی مداخل کی دستیابی اور معیار کی مؤثر نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کاشتکاروں کو معیاری اشیاء بروقت دستیاب ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل کے بروقت ازالے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے تمام ضروری اقدامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں فعال انداز میں ادا کریں۔

Exit mobile version