جہلم کی سڑکوں پر آوارہ مویشیوں کا راج، گرین بیلٹس تباہی کا شکار، حادثات میں اضافے کا خدشہ

جہلم شہر کی مختلف سڑکوں، چوک چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر آوارہ مویشیوں کی بھرمار کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سڑکوں پر مٹر گشت کرتے مویشی گرین بیلٹس کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سول لائن روڈ، میجر اکرم شہید کی یادگار کے باہر، کچہری روڈ سمیت شہر کے مختلف راستوں، چوک چوراہوں اور اہم سڑکوں پر آوارہ مویشیوں کا راج ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر گھومنے والے مویشی نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتے ہیں بلکہ اچانک سڑک عبور کرنے کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

شہریوں کے مطابق مالکان علی الصبح اپنے مویشیوں کو کھلا چھوڑ دیتے ہیں اور خود ان کی ذمہ داری سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں، جس کے باعث ٹریفک حادثات بھی روزمرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق سول لائن روڈ پر موجود گرین بیلٹ بھی آوارہ مویشیوں کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔ مویشی گرین بیلٹ پر گھومتے اور پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جس کے باعث سڑکوں کی خوبصورتی اور شجرکاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

شہری حلقوں کا الزام ہے کہ آوارہ مویشیوں کے مسئلے کے حوالے سے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ شہریوں کے مطابق میونسپل کمیٹی کے اہلکار آوارہ مویشیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے، جس کے باعث مسئلہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح ہوتے ہی مویشیوں کے مالکان اپنے جانور سڑکوں اور عوامی مقامات پر چھوڑ دیتے ہیں، جس کے بعد وہ خود ان کی ذمہ داری سے لاتعلق ہو جاتے ہیں۔ دوسری جانب سڑکوں پر آزادانہ گھومنے والے مویشی شہریوں کے لیے پریشانی اور ٹریفک حادثات کے خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں اور گرین بیلٹس سے آوارہ مویشیوں کو فوری طور پر پکڑ کر میونسپل کمیٹی کے پھاٹک میں بند کیا جائے، جبکہ جانوروں کو سڑکوں پر کھلا چھوڑنے والے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ آوارہ مویشیوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر مہم چلائی جائے اور مویشیوں کے مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے جانوروں کو سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر آزادانہ نہ چھوڑیں، تاکہ گرین بیلٹس کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات کے خطرات میں بھی کمی لائی جا سکے۔

Exit mobile version