سرائے عالمگیر/ دینہ: مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے لاکھوں روپے مالیت کی کار چھین لی، ڈاکو شہری کو زخمی حالت میں دینہ جی ٹی روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرائے عالمگیر کے محلہ شہیداں کا رہائشی منظر اپنی گاڑی سے دوائی نکالنے کیلئے گھر سے نکلا تو پانچ مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر نئی ہونڈا سوک کار چھین لی اور اسے زخمی حالت میں دینہ میں جی ٹی روڈ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واردات صبح سوا پانچ بجے سرائے عالمگیر کے ایک پارکنگ ایریا میں پیش آئی، جہاں پانچ مسلح افراد نے منظر کو یرغمال بنا کر اس کی گاڑی چھین لی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعے کی تفصیلات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
مسلح ڈاکو کار مالک کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ کار مالک کے سر پر گہری چوٹ آئی تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہے۔
پولیس تھانہ سٹی سرائے عالمگیر میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
